ایک نیوز:ملائیشیا کے سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کو کرپشن الزامات پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔کل (جمعہ ) کو بدعنوانی سے متعلق فرد جرم عائد کی جائے گی۔
ملائیشیا کے انسداد بدعنوانی کمیشن کے سربراہ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم انور ابراہیم نے پچھلے سال محی الدین کے منظور کردہ اربوں ڈالر کے سرکاری منصوبوں بشمول کووڈ - 19 ریلیف پروگرام، پر نظرثانی کا حکم دیا تھا۔
محی الدین یاسین پرالزام تھا کہ انہوں نے مناسب طریقہ کار پرعمل نہیں کیا۔
محی الدین نےالزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دے چکے ہیں۔
ملائشیا کے وزیر اعظم انور کا کہنا تھا کہ محی الدین سے متعلق بدعنوانی کی تحقیقات میں مداخلت نہیں کی۔
سابق وزیر اعظم محی الدین کے خلاف الزامات سال کے وسط تک چھ ریاستوں میں ہونے والے علاقائی انتخابات سے پہلے سامنے آئے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ سابق وزیر اعظم کا اتحاد موجودہ حکومت کے لیے اس انتخاب میں مضبوط چیلنج ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ 75 سالہ محی الدین 2020 اور 2021 کے درمیان 17 ماہ تک وزیراعظم رہے۔ان کی جماعت کو گذشتہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں سخت مقابلے کے بعد وزیر اعظم انور ابراہیم سے ہارنے کے بعد سے بدعنوانی کی تحقیقات کا سامنا ہے۔ ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو رہنماؤں پر بھی ان کے دور اقتدار میں شروع کیے گئے اقتصادی بحالی کے منصوبے میں رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ انسداد بدعنوانی کمیشن نے گذشتہ ماہ محی الدین سے اسی منصوبے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی اور محی الدین کی جماعت سے تعلق رکھنے والے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے تھے۔