ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف دور میں کارکنوں کےلاپتہ اورفیملی کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی صدرپاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سےسابق ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر محمد بشارت راجہ، میاں شفیع محمد اور سلیم بریار کی جانب سے سابق چیئرمین شکایت سیل زبیر احمد خان کے اغوا کی بھرپور مذمت کی گئی۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبیر احمد خان نے سیلاب متاثرین کی امداد میں پاک آرمی اور ترکش سوسائٹی کے ساتھ ملکر شانہ بشانہ کام کیا، ہمارے قریبی ساتھیوں کو بلاوجہ غیر قانونی طور پر نامعلوم افراد گھروں سے اغوا کر رہے ہیں۔
پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ زبیر احمد خان کو گھر کے باہر سے فیملی کے سامنے اغوا کیا گیا، ان کی فیملی کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ دھمکایا بھی گیا، شہباز شریف دور میں لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی اور پنجاب کی نگران حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔
اس موقع پر راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور بے گناہ افراد کو بلاوجہ اغوا کیا جا رہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔
سلیم بریار نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے، پی ٹی آئی کا ہر کارکن حکمرانوں کے ظلم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔