لاہور قلندرز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنزسے ہرادیا

لاہور قلندرز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنزسے ہرادیا
کیپشن: Lahore Qalandars defeated Islamabad United by 119 runs

ایک نیوز :پی ایس ایل 8 کے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی، شاداب الیون 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی، راشد خان نے 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

پاکستان سپر لیگ 8 کے راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے 26 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 226 رنز بنا ڈالے۔

 لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 57 گیندوں پر 115 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، کامران غلام نے 41 اور سیم بلنگز نے 32 رنز بنائے، راشد خان نے 5 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 15 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں 12، 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں اور ایلیمنیٹر راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

 لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، سام بلنگز، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، اور زمان خان شامل ہیں۔

 اسلام آباد کی ٹیم میں  شاداب خان (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، الیکس ہیلز، کولن منرو، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور فضل حق فاروقی شامل تھے ۔