وفاقی حکومت کے بعد پنجاب حکومت کا بھی مفت آٹاتقسیم کرنے کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کارمضان المبارک میں مستحق خاندانوںکومفت آٹافراہم کرنے کاحکم
کیپشن: Caretaker Chief Minister Punjab ordered to provide free flour to deserving families in the month of Ramadan

ایک نیوز:وفاقی حکومت کے بعد پنجاب کی نگران حکومت نے بھی مستحق افراد میں رمضان المبارک کے دوران مفت آٹا تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں رمضان پیکیج کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکو مفت آٹا پیکیج کے تحت مستحق افراد کیلئے بہترین سسٹم واضع کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کے پیکیج سے مستحق خاندانوں کوحقیقی ریلیف ملے گا۔ ایسا سسٹم بنایاجائے کہ قطاریں نہ لگیں اورلوگوں کو جلدآٹا مل سکیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل مفت آٹے کی فراہمی  کیلئے ٹرکنگ پوائنٹس میں اضافہ کرنے کاحکم بھی دیدیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کامزیدکہناہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈبیک اپ سسٹم بھی تیار رکھے۔ لوگوں کو ریلیف بھی دینا ہے اورقطاروں کی زحمت سے بھی بچانا ہے۔
چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری خزانہ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔