عمران خان کی ویڈیولنک کےذریعےپیشی،وفاقی حکومت کو15مارچ کیلئےنوٹس جاری

عمران خان کی ویڈیولنک کےذریعےپیشی،وفاقی حکومت کو15مارچ کیلئےنوٹس جاری
کیپشن: عمران خان کی ویڈیولنک کےذریعےپیشی،وفاقی حکومت کو15مارچ کیلئےنوٹس جاری

ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست پر وفاقی حکومت،وزارت خارجہ اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکلا کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر چیف جسٹس عامرفاروق نےسماعت کی۔چیف جسٹس نے استفسار  کیا کہ لاہور ہائیکورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے؟

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پنجاب کے کیسز سے متعلق ہے،لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر عدالت نے نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔عمران خان کے خلاف اسلام آباد کی حدود میں 27 مقدمات درج ہیں،ان مقدمات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے،اب تو اقدام قتل کی بھی ایف آئی آر درج کردی گئی ہے،گزشتہ روز لاہور میں معصوم نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ ہواہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کا واقعہ کافی افسوسناک ہے۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر ویڈیو لنک کے ذریعے نہیں تو تمام کیسز جوڈیشل کمپلیکس منتقل کئے جائیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ میں اس پر بھی نوٹس جاری کر رہا ہوں۔

 بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست پر وفاقی حکومت،وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو 15مارچ کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئےکیس کی سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔