ایک نیوز:پی ٹی آئی راہنما محمود الرشید نے ایک نیوز سے بات کرتے ہوئے بلال علی کی موت کے بارے کیا ھے کہ پولیس نے بلال کو تشدد کا نشانہ بنا کر چلتی گاڑی سے پھینکا جسکی وجہ سے اسکی موت واقع ہوئی ۔ تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن علی بلال کو مردہ حالت میں ہسپتال لانے والوں کی تصاویر بھی منظر عام پر آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے موقف اختیار کیا کہ کالے ڈالے میں سوار 2 افراد علی بلال کو ہسپتال لائے، ایمرجنسی میں ایدھی ایمبولینس سے سٹریچر لے کر علی بلال کو اندر لے گئے۔ ڈاکٹرز نے چیک کرتے ہی علی بلال کی موت کی تصدیق کر دی۔
علی بلال کی موت کی تصدیق ہونے پر دونوں افراد ایمرجنسی سے فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انکوائری کمیٹی علی بلال کی موت سے متعلق حقائق جلد سامنے لائے گی۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بلال کے سر پر پولیس نے ڈنڈے مارے جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔