ایک نیوز: کراچی میں مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، مرغی اور سبزی بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مرغی کا گوشت کھانا بھی خواب بن گیا، سبزی بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی۔ کراچی میں مرغی کا گوشت 720 روپے کلو ہو گیا زندہ مرغی کے ریٹس 480 روپے ہو گئے ہیں۔بھنڈی 200 روپے اور تری 180 روپے کلو ہو گئی ہے۔کریلے 280 روپے کلو اور پیاز 150 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ لہسن 100 روپے پاو جبکہ ادرک 150 روپے پاو ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 41.07 فیصد ہو گئی۔ادارہ شماریات کےمطابق ہفتہ مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ہوئی جس میں مہنگائی کی شرح 0.30 فیصد کم ہوئی جب کہ ایک ہفتےمیں 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 41.07 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر متوسط طبقہ ہوا جب کہ 44 ہزار سے زائد ماہانہ انکم والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 42.42 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹا ،گھی، چینی، تازہ دودھ، بکرے کے گوشت، چاول اور نمک سمیت رواں ہفتے کے دوران 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ،8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 10 میں استحکام رہا۔ دارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آٹےکے 20 کلو تھیلے کی قیمت بڑھ کر اوسطاً 1705 روپےہوگئی، گھی ، دال ماش، دال مسور، چاول اور نمک کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جب کہ پیاز 22 روپے، لہسن 18 روپے فی کلو اور انڈے 16 روپے فی درجن سستے ہوئے۔