ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بڑی مشکل میں گرفتار ہوگئے۔ لاہور ہائی کورٹ میں اثاثے ظاہر نہ کرنے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہاٸی کورٹ میں نگران وزیراعلٰی اور کابینہ کی جانب سے اثاثے ظاہر نہ کرنے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔ درخواست ندیم سرور ایڈووکیٹ کی جانب سے داٸر کی گٸی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق کابینہ بننے کے تین دن میں اثاثے ظاہر کرنا لازمی ہے۔ ایک ماہ گزر گیا پنجاب کی نگران کابینہ نے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ نگران کابینہ سے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نگران وزیراعلی پنجاب اور کابینہ کو فوری اثاثے ظاہر کرنے کا حکم دے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کے اثاثے ویب ساٸٹ پر شاٸع کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ آٸینی ذمہ داری پوری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا جاٸے۔