ایک نیوز:خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے مردم شماری ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈرائیور سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درابن کی حدود گرہ مستان میں دہشت گردوں کی مردم شماری سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل گل فراز شہید جبکہ اے ایس آئی حیات اللہ ، کانسٹیبل آفتاب، کانسٹیبل محمد نعیم اور ڈرائیور صابر شدید زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل گل فراز کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
حکام کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کے بعد ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔