ایک نیوز:گھوٹکی میں تین ہفتے قبل قتل ہونے والی صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتل کو گرفتارکرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ ملزم اصغر لونڈ کو گرفتار کرلیا ہے جس نے نصراللہ گڈانی کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے دیگر سہولت کار فرار ہیں جن کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان نے جو موٹر سائیکل اور پستول استعمال کیا تھا وہ بھی برآمد کرلیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضع رہے کہ ملزمان نے 21 مئی کو دن دھاڑے صحافی نصراللہ گڈانی کو گولیاں مار کر زخمی کیا تھا۔ 24 مئی کو صحافی نصراللہ گڈانی کراچی کی نجی ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
نصراللہ گڈانی کی شہادت پر سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا گیا تھا ۔ شہید صحافی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے گھوٹکی کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج بھی ہوا تھا جس کے باعث 32 گھنٹے تک قومی شاہراہ بند رہی تھی۔