ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزیراعظم کی ملکی ترقی و خوشحالی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے دورہ یو اے ای کے بعد چین میں بھی بہترین سفارت کاری سے ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کر دی، وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور دیگر ممالک پاکستان مسلم لیگ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کی شراکت داری پر آمادگی معاشی ترقی کے راہ کھولے گی، سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل میں تیزی آئے گی، پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اور سربلند ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کا علاقائی امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کا عزم قابل تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ الحمدللہ ملک اچھے معاشی حالات کی جانب رواں دواں ہے، آٹا، روٹی اور دیگر ضروری اشیاء کے نرخ میں کمی کا رجحان خوش آئند ہے، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی معاشی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، نواز شریف کی رہنمائی میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔