ایک نیوز :وفاقی حکومت نے بجٹ برائے سال 24-2023 میں سپریم کورٹ کے لیے مختص رقم میں 50 کروڑ سے زائد کا اضافہ کردیا ۔
آئندہ مالی سال کے لیے سپریم کورٹ کا بجٹ 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں عدالت عظمیٰ کے لیے 3 ارب 5 کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار روپے رکھے گئے تھے۔
بجٹ میں سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 2 ارب 84 کروڑ روپے جبکہ آپریٹنگ اخراجات کے لیے 40 کروڑ 59 لاکھ 64 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔
ملازمین کی پینشن کے لیے 17 کروڑ 90 لاکھ 26 ہزار روپے اور گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئےہیں، سامان کی خریداری کے لیے7 کروڑ 65 لاکھ 10 ہزار روپے اور مرمت اور دیگر امور کی مد میں 3 کروڑ20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔