نجم سیٹھی کی چھٹی ،ذکا اشرف نئے چیئر مین پی سی بی نامزد

Jun 09, 2023 | 18:56 PM

ایک نیوز :وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت کی جانب سے پی سی بی کے اگلے سربراہ کے طور پر ذکا اشرف کو نامزد کردیا گیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے،ذکاء اشرف کا نام پی سی بی کے سربراہ کے طور پر وزیراعظم کو تجویز کردیا گیا۔وزارت بین الصبوائی رابطہ نے عبوری کمیٹی کو اپریل میں دو مہینوں کی مزید توسیع دی تھی جو 21 جون کو ختم ہو جائے گی۔پی سی بی کے ایسوسی ایشن اور کلبز کی جانب سے بھی متعدد شکایات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو موصول ہوچکی ہیں جبکہ پی سی بی کی عبوری کمیٹی نے اب تک کی جانی والی بھرتیوں پر بھی وزارت کو کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ذکا اشرف کو پی سی بی کا سربراہ بنانے کا ٹاسک وفاقی وزیراحسان مزاری کو دے دیا ہے جس کے بعد ذکاء اشرف گزشتہ تین روز سے اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔ذکا اشرف نے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے ملاقات میں پی سی بی کی سربراہی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد وفاقی وزیر نے ذکا اشرف کو پی سی بی کی سربراہی کے لیے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے وزیر اعظم کو ذکا اشرف کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزارت ہماری ہے اس لیے چیئرمین پی سی بی بھی ہمارا ہونا چاہیے۔ جبکہ انہوں نے نام لئے بغیر نجم سیٹھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عبوری کمیٹی کے ممبر نے خود کو ہی امیدوار ڈیکلئیر کردیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کرتے ہوئے پی پی پی کی قیادت سے رابطے کی کوششیں تیز کردی ہیں انہوں نے  آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تاحال ان کی آصف علی زرداری سے ملاقات نہیں ہوسکی ہے۔

مزیدخبریں