ایک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ انتخابات میں اگر ن لیگ کو اکثریت ملی تو وزیر اعظم وہ بنے گا، جسے نواز شریف چاہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018میں یہ سب ایک جگہ اکٹھے ہوئے ، اب اگردوسری جگہ ہیں اکٹھےتوپریشانی کی کیا بات ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان کا اپنا پانسہ پلٹ چکا ہے انہیں آہستہ آہستہ سمجھ آجائےگی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اس ملک کی سیاست کیساتھ کھلواڑ کیا ہے۔یہ نفرت اور بدتمیزی سیاست میں لائے، ملک کو حادثے سے دوچارکرنا چاہتے تھے، اب خود ہی حادثے سے دوچار ہوگئے۔
نواز شریف کی واپسی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف انتخابات سے قبل وطن واپس آئیں گے، واپسی کی تاریخ میاں صاحب نے دینی ہے ان کو کوئی تاریخ نہیں دے سکتا۔انتخابات میں پارٹی کو لیڈ کرنے کی درخواست میاں صاحب نے قبول کرلی،عام انتخابات سے60سے90روز قبل میاں صاحب واپس آئیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ن لیگ کو اکثریت ملی تو وزیر اعظم وہ بنے گا جسے نواز شریف چاہیں گے، عام انتخابات میں سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، میری ذاتی رائے ہے کہ ن لیگ کو کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرنا چاہئے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے،ہمیں آپشن اوپن رکھناچاہئے۔