پی این ایس شاہجہاں کا کراچی آمدپر پرتپاک استقبال

ایک نیوز: پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے گئے تیسرے ٹائپ 054 ایلفا جہاز پی این ایس شاہجہاں کی کراچی آمد۔کراچی بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے سینئر افسران نے پی این ایس شاہجہاں کا پرتپاک استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی نے جہاز کا دورہ کیا اور جہاز کی کمشننگ پر جہاز کے عملے کو مبارکباد دی۔ کراچی آمد سے قبل پی این ایس شاہجہاں نے سری لنکا کی بندرگاہ کولمبو کا بھی دورہ کیا۔جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکا کے اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز نے سری لنکن بحریہ کے جہاز کے ہمراہ مشترکہ میری ٹائم مشق میں بھی حصہ لیا۔پی این ایس شاہجہاں جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس کثیر المقاصد جہاز ہے۔پی این ایس شاہجہاں کی شمولیت سے  ملکی سمندری حدود اور مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔