بجٹ 2023/24: گوادر ایئرپورٹ سمیت اہم منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص

بجٹ 2023/24: گوادر ایئرپورٹ سمیت اہم منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص
کیپشن: Budget 2023/24: Billions of rupees allocated for important projects including Gwadar Airport

ایک نیوز: ملک کی تعمیروترقی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آج پیش کیے جانے والے بجٹ میں اربوں روپے کی کثیر رقم مختص کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بجٹ میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے 5 ارب روپے رکھ گئے ہیں، منصوبے پر مجموعی طور پر 51 ارب روپے لاگت آئے گی، لاہور سیالکوٹ موٹر وے نارنگ منڈی تا نارووال کیلئے بھی 5 ارب مختص کئے گئے ہیں۔

فلڈ پروٹیکشن سیکٹر پراجیکٹ کیلئے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کول پاور پراجیکٹ جامشورو کیلئے 12 ارب روپے، پاکستان اور تاجکستان ٹرانسمیشن لائن پر 16 ارب روپے خرچ ہوں گے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے 6 ارب رکھے گئے ہیں اور حیدرآباد سکھر موٹر وے کیلئے 5 ارب 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع کیلئے 26 ارب روپے، سابق قبائلی علاقوں کی ترقی کے دس سالہ منصوبے پر 31 ارب روپے خرچ کرنے کا پلان ہے اور مہمند ڈیم ہائیڈرو منصوبے کیلئے ساڑھے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے سب سے زیادہ 58 ارب 59 کروڑ مختص کئے گئے ہیں، 511 ارب لاگت کے میگا منصوبے پر اب تک 232 ارب خرچ ہو چکے ہیں

تعلیمی شعبے میں انڈوومنٹ فنڈ کیلئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ آئی ٹی اسٹارٹ اپ کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

گرین انقلاب کے منصوبے پر بھی 5 ارب خرچ کرنے کا پلان ہے جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے وزیراعظم پروگرام کیلئے بھی 5 ارب مختص کئے گئے ہیں۔