بجٹ 2023/24: جی ڈی پی گروتھ میں 19 ہزار 999 ارب روپے کا اضافہ

Jun 09, 2023 | 13:29 PM

ایک نیوز: بجٹ 24-2023ء میں جی ڈی پی کا حجم 99 ہزار 335 ارب روپے ہوگا، جو رواں مالی سال 79 ہزار 336 ارب روپے تھا، اگلے سال معیشت کے حجم میں 19 ہزار 999 ارب کا اضافہ متوقع ہے۔

ایک نیوز کو حاصل ہونے والی بجٹ دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی اقدامات اور ارکان پارلیمنٹ کی اسکیموں کیلئے 170 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق اگلے سال بلواسطہ ٹیکسوں کی مد میں 6 ہزار 482 ارب حاصل ہوں گے، سرمایہ کاری کا ہدف 15.1 فیصد اور قومی بچت کا ہدف 13.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ کے مطابق فی کس آمدنی کا ہدف 4 لاکھ 78 ہزار روپے (ماہانہ 39 ہزار 833 روپے) سے زیادہ مقرر کیا گیا ہے، موجودہ مالی سال فی کس آمدنی 3 لاکھ 88 ہزار 755 روپے (32 ہزار 398 روپے) تھی۔

مزیدخبریں