ایک نیوز: 9 مئی تا 9 جون،سیاہ ترین دن کو گذرے پورا ایک ماہ ہو گیا،اس موقع پر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء کے وفد نےجناح ہاؤس کا دورہ کیا،طلبہ و طالبات نے نہایت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے 9 مئی کے افسوسناک واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر کی سربراہی میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء، لاہور کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا۔
یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاءکے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ "بہت دکھ ہوا جس بربریت سے قائد اعظم محمد علی جناح کا گھر جلایا گیا اور انکی قیمتی اور نایاب چیزوں کو جلا کر راکھ کر دیاگیا ۔ جن شرپسندوں نے یہ حرکت کی ہے انکو سخت سے سخت سزا دی جاۓ"۔طلبہ و طالبات نے نہایت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے 9 مئی کے افسوسناک واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
رنجیدہ طالبہ کا 9 مئی کے حوالے سے کہنا تھا کہ"جناح ہاؤس میں جو قومی پرچم کی بے حرمتی دیکھی ہے اور شہداء کی شرپسندوں نے بے حرمتی کی ہے یہ قابلِ مذمت ہے" ۔
طلبہ کایہ بھی کہنا تھا کہ "کسی بھی شر پسند گروہ کو وطنِ عزیز کے شہداء اور قومی اثاثوں کی بے حرمتی کی کھلی چھوٹ نہیں دی جاسکتی ،جناح ہاؤس سمیت عسکری تنصیبات پر حملہ آوروں اور انکے ماسٹرمائنڈز کو قانون کے مطابق سزا دیکر عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ آئیندہ کوئی شرپسند گروہ سیاست کی آڑ میں غنڈہ گردی نہ کرسکے"۔