ایک نیوز: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں قتل کے مجرم سابق پولیس اہلکار کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کو سزائے موت کا حکم تھا اور وہ 29 سال سے مفرور تھا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش نے کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر کارروائی کی۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں سزائے موت کا مجرم پولیس اہلکار 29 سال بعد گرفتار کرلیا گیا،مجرم نے دوران ڈیوٹی سرکاری رائفل سے مخالف کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی، مجرم غلام حسین ضمانت کے بعد سے مفرور اور اشتہاری تھا۔
ملزم غلام حسین سنہ 1990 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، سنہ 1994 میں ملزم کی تعیناتی تھانہ بائی جی شریف سکھر میں تھی۔
ڈیوٹی کے دوران اسے مخالف شخص انور دکھائی دیا جس پر مجرم غلام حسین نے مخالف کو سرکاری ایس ایم جی سے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم موقع پر گرفتار ہوا، پھر ضمانت کے بعد مفرور اور اشتہاری ہوگیا تھا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سکھر نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔مجرم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔