ایک نیوز: کراچی کے علاقے کھوکھراپار میں سوتیلے باپ نے تشدد کرکے 2 سالہ بیٹے کو مار ڈالا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ اسلم نامی شخص کا گھر کے اندر اپنی اہلیہ سے جھگڑا چل رہا تھا کہ اس دوران اس کا 2 سالہ بچہ عبدالہادی رونے لگا جس پر غصے میں آکر اسلم نے اس پر تشدد شروع کردیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق اسلم اس بچے کا سوتیلا باپ ہے جو واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔اہل محلہ اور مالک مکان کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے معمول تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی جب کہ ملزم اسلم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔