ایک نیوز: آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن بھی آسٹریلیا کے نام رہا۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ لندن کے اوول اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری حتمی فیصلے میں ہوجائے گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اوول میں مدمقابل ہیں۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے 469 رنز کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔اجینکیا رہانے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما 15، شبمن گل 13، پجارا اور ویرات کوہلی 14،14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جڈیجا نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک، کمنز، بولینڈ، کیمرون گرین اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 318 رنز درکار ہیں۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز
آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر327 رنز سے کیا تو اسٹیو اسمتھ نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ ٹریوس ہیڈ نے بھی 150 رنز کا سنگِ میل عبور کیا۔ٹریوس ہیڈ 163 اور اسٹیو اسمتھ کے 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 469 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ الیکس کیری 48 اور ڈیوڈ وارنر نے بھی 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 4، محمد شامی اور ٹھاکر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔