ایک نیوز : آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا اور بجٹ کا حجم 13 ہزار 800 روپے سے زائد ہو گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کا حجم 13 ہزار 800 ارب روپے سے زائد ہو گا اور بجٹ میں 7 ہزار 300 ارب روپے قرضوں اور سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔
آئندہ بجٹ میں ٹیکس آمدن 9 ہزار 200 ارب روپے ہوسکتی ہے جبکہ نان ٹیکس آمدن 2 ہزار 800 ارب روپے ہوسکتی ہے۔ بجٹ میں ایک ہزار 300 ارب روپے سبسڈی کے لیے مختص ہوسکتے ہیں اور آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 150 ارب روپے ہو گا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں صوبوں کو قومی محاصل سے 5 ہزار 244 ارب روپے ملنے کا تخمینہ ہے جبکہ وفاق کا بجٹ خسارہ 6 ہزار ارب روپے سے زائد ہو گا اور آئندہ بجٹ میں دفاع کے لیے ایک ہزار 800 ارب روپے سے زائد خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔
آئندہ بجٹ میں اراکین پارلیمنٹ کو 90 ارب روپے ترقیاتی اسکیموں کے لیے ملیں گے اور وزیر اعظم کی اسکیموں کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے جانے کی توقع ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا خسارہ جی ڈی پی کا 6.4 فیصد رہ سکتا ہے جبکہ وفاق اور صوبوں کا بجٹ خسارہ 4.8 سے 5 فیصد تک رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 20 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں وزارتوں کے لیے 650 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ آئندہ بجٹ میں پنشن کے لیے 700 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔