این سی او سی کا کاروباری پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ

Jun 09, 2021 | 17:49 PM

admin
لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دن کا فیصلہ صوبائی حکومتیں خود کریں گی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں ۔اس اجلاس میں ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسینیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔این سی او سی کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کیلئے30 جون تک ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن کیلئے سہ جہتی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے، تمام شہریوں کی جانب سے ولنٹیریلی ویکسینیشن حکمت عملی میں شامل ہیں، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز میں بطور فریضہ ویکسینیشن کی حکمت عملی بھی شامل ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ کاروبار کی بندش ایک روز کیلئےہو گی،انتظامیہ دن کا فیصلہ خود کرے گی، ویکسین کرانے والوں کے لیے اِن ڈور جم کھولنے کی جزوی منظوری دی گئی ہے۔ 50فیصد حاضری کی شرط ختم کر دی گئی،فیصلوں کا اطلاق 15جون سے ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق سینمااور مزارات بدستور بند رہیں گے، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر 2 روزہ بندش اٹھا لی گئی ہے، ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلنے کی اجازت ہو گی ۔11جون سے 18سال سے زائد عمر کے افراد کی واک اِن ویکسی نیشن شروع کر دی جائے گی اور ویکسی نیشن سنٹر جمعہ کے بجائے اتوار کو بند رہیں گے۔ویکسی نیشن سنٹرزکی ٹائمنگ صبح 8سے رات 10بجے تک ہو گی۔

مزیدخبریں