سیشن عدالت کا جاوید لطیف کو رہا کرنے کا حکم

سیشن عدالت کا جاوید لطیف کو رہا کرنے کا حکم
لاہور : سیشن کورٹ لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کی ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے جاوید لطیف کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دےدیا۔ عدالت نے لیگی رہنما جاوید لطیف کو دو دو لاکھ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

اس سے قبل آج لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری کے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ احسن رضا نے لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیانات دینے کے مقدمے پر سماعت کی تھی۔ جاوید لطیف کچہری میں پیش ہوئے ، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیاکہ کیا مقدمے کا چالان مکمل ہوگیا ہے، جس پر پراسکیوشن نے کہاکہ چالان پراسکیوشن میں جمع کرایا تھا جس پر اعترضات لگے تھے۔عدالت نے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع کردی تھی۔

خیال رہے کہ 27 اپریل کو سیشن کورٹ لاہور نے متنازع بیان کےمعاملے پر مسلم لیگ ن رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا تھا ۔