ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ایجوکیشنسٹ اور برطانوی وزیراعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے سابق سربراہ سر مائیکل باربر کی زیر قیادت وفد کی ملاقات ہوئی ۔
وفد میں برطانوی فارن، ڈویلپمنٹ اور کامن ویلتھ آفس کی ڈائریکٹر جو موئیر، اور سینئر گورننس ایڈوائزرز نوید عزیز اور میٹ کلینسی شامل تھے ۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی دو طرفہ تعلقات ہیں جو کہ دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، برطانیہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کا اہم شراکت دار ہے ؛ ہم برطانوی حکومت کے شکر گزار ہیں ،دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے،تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے غیر فعال اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے اور ڈاؤن سائیزنگ کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے،برآمدات اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سر مائیکل باربر کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے حوالے سے ٹھیک سمت میں جا رہی ہے ، امید ہے آپ کی موثر قیادت میں پاکستان جلد ہی معاشی مشکلات قابو پانے میں کامیاب ہو گا۔