ایک نیوز :قربانی کے گوشت سمیت تمام اقسام کے گوشت کو فریز کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ فریزر کا درجہ حراررت 0 فارن ہیٹ یا اس سے بھی کم ہو، فریزر کا یہ درجہ حرارت آپ کے گوشت کو محفوظ رکھےگا۔
مہنگائی کے اس دور میں عید الاضحیٰ کے بعد اکثر لوگوں کی خواہش ہوتی ہےکہ قربانی کے گوشت کو لمبے عرصے تک چلایا جاسکے لیکن گوشت محفوظ کرتے وقت گوشت خراب نہ ہونے کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
امریکی ادارے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کی گائیڈلائن کےمطابق قربانی کاگوشت محفوظ رکھنے کیلئے سفید تھیلیوں کا استعمال کریں، بعض گھروں میں قربانی کا گوشت محفوظ رکھنے کیلئے اخبار کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے اخبار کی سیاہی گوشت پر آجاتی ہے جو کہ گوشت کو متاثر کرتی ہے۔ایف ڈی اے کے مطابق اگر آپ گوشت کو 2 ماہ سے زائد عرصے کیلئے فریزر میں محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو فوائل، پلاسٹک ریپ یا پھر فریزر ریپر کا استعمال کریں۔
ایف ڈی اے کے مطابق گائے یا دنبے کے کچے گوشت کو 6 سے 12 ماہ تک فریزر میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔گائے یا دنبے کا قیمہ 3 سے 4 ماہ تک فریزر میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب قومی سطح پر طبی ماہرین قربانی کے گوشت کو جلد از جلد استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اس حوالے سے ماہرین کا ماننا ہے کہ فریزر کے ذریعے گوشت کو کئی ماہ تک محفوظ تو رکھا جاسکتا ہے لیکن اس کی غذائیت میں کمی آجاتی ہے ، اگر گوشت کو 3 سے 4 ہفتوں کے اندر استعمال کرلیا جائے تو وہ تازے گوشت کی طرح فائدہ مند رہتا ہے۔