ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت بلال اظہر کیانی نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے سازشیں کیں، آج امریکہ کی منتیں کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ پچھلے ایک سال کی محنت کی کڑی تھی۔ گذشتہ سال آئین کے مطابق ایک مسلط شدہ وزیراعظم کو ہٹایا گیا جس پر اس نے امپورٹڈ حکومت کا نعرہ لگایا۔ ہمارے نظام کو کھوکھلا کرنے کی ساری کوششیں کی گئیں۔ گذشتہ 4 سال ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں ملک سے دہشت گردی ختم کی گئی، مہنگائی کی شرح محض 3.8 فیصد تھی۔ ملک میں 12 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کے کارخانے لگے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نوازشریف دور میں پاکستان میں بجلی ، روزگار آ گیا تھا۔ نوازشریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ نوازشریف کو ہٹا کر پوری قوم سے زیادتی کی گئی۔ آج وہ عدالتوں سے سرخرو ہو رہے ہیں۔