ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کو 56ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں جو قوم کیلئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم پر فاطمہ جناح کے بہت احسانات ہیں، فاطمہ جناح بابائے قوم کیلئے حوصلے اور ہمت کا ذریعہ تھیں، مادر ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں، عوام، جمہوریت اور ملک کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان اور ملک کیلئے بے مثال کردار ادا کیا اور قربانیاں دیں، فاطمہ جناح کی شخصیت آج کی بچیوں اور خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، قوم مادر ملت کی پاکستان کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کے احسانات کی مقروض رہے گی۔
وزیراعظم نے قوم سے مادر ملت کیلئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔