ایک نیوز :جہلم میں سلنڈر دھماکےسے3منزلہ ہوٹل کی عمارت منہدم،6 افراد جاں بحق،10زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے وقت تین منزلہ عمارت میں 20 سے زائد افراد موجود تھے۔دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جہلم ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیاگیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حسن طارق کے مطابق امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور اب تک 10 زخمیوں اور 5 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ مزید 4 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔دھماکا صبح 9 بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
حسن طارق نے مزید کہا کہ تمام سینئر ڈاکٹرز اور عملہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں موجود ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ ایک شدید زخمی شہری کو علاج کے لیے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔
سلنڈر دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں سندھ کے ضلع کشمور سے تعلق رکھنے والا دلاور ولد عبدالرحمٰن، جہلم سے تعلق رکھنے والے تنویر احمد ولد عبدالفاروق، امیر حسین ولد اللہ دتہ، یاسر ولد محمد قدیر ، محمد افضال ولد محمد فاضل شامل ہیں۔
زخمیوں میں جہلم کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے یاسر ولد گلستان، جاوید اقبال ولد محمد سلیم رانجھا، ظفر اقبال ولد خوشی محمد، دانیال ولد افضال، ظفراقبال قریشی ولد ماسٹر بشیر احمد، عبدالشکور ولد مشتاق احمد، فریاب ولد عبدالخالق، توصیف ولد خالد محمود شامل ہیں جب کہ ایک شدید زخمی شخص کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی۔