ایک نیوز: یوکرین کے علاقے لیمان پر روسی افواج کی گولہ باری سے 8افراد ہلاک اور 13زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہےکہ روسی گولہ باری سے گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے لیکن اس کے باوجود لیمان سیکٹر میں روسی فوج کی پیش قدمی ناکام بنا دی گئی ہے۔ روسی فوج نے ڈونیٹسک کے دس قصبوں پر بھی گولہ باری کی۔
یادرہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ کو 500 روز سے زائد ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک ہونے والی لڑائی میں 9 ہزار سے زائد شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دوسری طرف امریکا کی جانب سے یوکرین کو کلسٹر بم دینے کا اعلان بھی عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ امریکی اعلان پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے کلسٹر بموں کا استعمال روکنے پر زور دیا ہے جبکہ روس نے یوکرین کو امریکی کلسٹر ہتھیاروں کی فراہمی کو امریکا کی کمزوری قرار دیا ہے۔