مریم نواز اور یو اے ای صدر کی AI تصاویر، ایف آئی اے ان ایکشن

ابتدائی تحقیقات میں دس اکاؤنٹس کا پتہ لگایا گیا ہے جو اس مواد کو پھیلانے میں ملوث ہیں

Jan 09, 2025 | 16:29 PM

ایک نیوز: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کردہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تصاویر اور ویڈیوز کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ 

ایف آئی اے حکام کے مطابق، سائبر پٹرولنگ کے دوران ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جو اے آئی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کر کے غلط معلومات اور منفی تاثر پھیلا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ایسے دس اکاؤنٹس کا پتہ لگایا گیا ہے جو اس مواد کو پھیلانے میں ملوث ہیں۔

ایف آئی اے نے یہ تحقیقات سورس رپورٹ کے بعد شروع کیں، جس میں ان تصاویر اور ویڈیوز کے جھوٹے اور گمراہ کن ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق، ان اکاؤنٹس کی مدد سے سوشل میڈیا پر جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں جن سے عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مزید جانچ پڑتال جاری ہے، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق، سائبر کرائم کے قوانین کے تحت ان افراد کو سخت سزا دی جائے گی جو غلط معلومات پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔

ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات کو نظرانداز کریں اور ایسے مواد کو رپورٹ کریں تاکہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

مزیدخبریں