لاہور پولیس کی بڑی کارروائی، اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں

ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور کی گرفتاریوں کی تصدیق

Jan 09, 2025 | 16:01 PM

لاہور: شہر میں جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کرائے کے قاتلوں، ڈکیت گینگز اور منشیات فروشوں کے دو گروہوں کو گرفتار کر لیا۔ 

ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے۔

پولیس نے کرائے کے قاتلوں اور ڈکیتوں کو اسلحہ فراہم کرنے والے گروہ کے سرغنہ آصف نعیم سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا۔ دیگر گرفتار ملزمان میں جاوید، سفیان، راشد نعیم، محمد فیضان حیدر، محمد فیصل، محمد وقاص، عاصم حفیظ، محمد شہزاد اور شہباز مسیح شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے درجنوں جدید رائفلیں، پسٹلز اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں، اور مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ کارروائی او سی یو کاہنہ کی جانب سے عمل میں آئی، جس نے ملزمان کے خفیہ نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔

او سی یو کاہنہ نے تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر منشیات فروخت کرنے والے ایک گروہ کو بھی گرفتار کیا۔ گروہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئیں۔

دوسری جانب، پولیس نے ایک خطرناک کرائے کے قاتل زمان جھیڈو کو بھی گرفتار کیا، جو گزشتہ سال کاہنہ کے علاقے میں ایک شہری کے قتل میں ملوث تھا۔ ملزم پر اندھا دھند فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کرنے کا الزام تھا۔ زمان جھیڈو تھانہ کاہنہ میں پولیس مقابلے کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔

علاوہ ازیں، لاہور پولیس نے نائیجیرین منشیات فروش گینگ کو بھی پکڑ لیا اور ان کے قبضے سے مختلف اقسام کی منشیات برآمد کیں۔ گرفتار ملزمان کے پاس سے نائیجیرین پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے ہیں، اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

ڈی آئی جی عمران کشور نے کہا کہ یہ کارروائیاں لاہور میں امن و امان کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت ہیں۔ مزید تفتیش کے بعد ملزمان کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں