ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی میں بغاوت، مفاہمت کے بادشاہ میدان میں آ گئے

 ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی میں بغاوت، مفاہمت کے بادشاہ میدان میں آ گئے
کیپشن:  ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی میں بغاوت، مفاہمت کے بادشاہ میدان میں آ گئے

ایک نیوز : انتخابات 2024، ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی  کے  کئی اہم رہنماؤں  نے بغاوت کردی ، آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کرنے پر  سابق صدر آصف زرداری نے  اہم رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

   رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے کئی سابقہ اراکین اسمبلی اور رہنما پارٹی ٹکٹ سے محروم رہ گئے ہیں ۔ جس پر پارٹی میں بغاوت کا خدشہ ہے۔

صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری  نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا، اسلام آباد میں اہم بیٹھک آج رات ہو گی۔

 ذرائع  کا کہنا ہے کہ اہم  اجلاس میں انتخابات ، سیاسی معاملات اور پارٹی امور پر غور ہوگا۔سابق صدر آصف علی زرداری سندھ کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں گے۔

 اسی طرح  جنوبی پنجاب میں ہونے والی ڈیویلپمنٹس پر خصوصی غور ہوگا، ۔ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ، ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت  کرے گی۔

بلاول ہاوس میں ہونے والے اجلاس کے دوران  سندھ کی سینئیر قیادت کے ساتھ سیاسی جوڑ توڑ پر خصوصی بات چیت ہوگی اور سندھ میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم امور پر غور ہوگا۔

 سید مراد علی شاہ، شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ سمیت  اہم سیاسی قیادت اسلام آباد میں پہنچ گئی ہے۔

گھوٹکی میں پی ایس 18 پر سابق صوبائی وزیر جام مہتاب کی شہریار شر کو ٹکٹ دے دیا گیا۔ شہریار شر پی ٹی آئی سے پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔

 اسی طرح سابق پیپلزپارٹی رہنما جام مہتاب نے پیپلز پارٹی کے خلاف آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

  جیکب آباد میں پی ایس 3 پر پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر ممتاز جکھرانی کی جگہ اورنگزيب پنہور کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا جس پر ممتاز جھکرانی نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔

خیرپور میں پی ایس 31 پر سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان یا نواب وسان کے بجائے بچل شاہ کو ٹکٹ دیا گیا۔

 پیپلز پارٹی کے اہم رنما  جام مہتاب اور ممتاز جھکرانی کو پارٹی فیصلے پر عمل کرنے اور آزاد الیکشن نہ لڑنے پر رضامند کرنے کی کوشش  کررہے ہیں تاہم دونوں رہنما ڈٹے ہوئے ہیں ۔

مراد علی شاہ سینئر،جاوید ناگوری، غوث بخش مہر، نوید ڈیرو، فراز ڈیرو، خورشید جونیجو، جام اکرام اللہ داریجو، سلیم جان مزاری اور کمال چانگ بھی ٹکٹ سے محروم رہے تاہم ان رہنماوں کی جگہ ان کے قریبی عزیزوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

 یادرہے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام لوگ نامزد امیدواروں کے حق میں فوری دستبردار ہوجائیں اور امیدواروں کے حق میں دستبرداری رسید صوبائی سیکریٹری کو ارسال کی جائے۔

نثار کھوڑو  کا کہنا تھا کہ پارٹی نے جن کو امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے ان کو ہی ٹکٹ جاری ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سب کاغذات سے دستبردار ہونے کے پارٹی فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 8 فروری کو ملک بھر میں سپرائز دے گی، انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ کا فیصلہ پتھر پر لکیر ہے۔