ایک نیوز: ترجمان پاک بحریہ کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک بحریہ کی مشق سی گارڈ کی افتتاحی تقریب کا کراچی میں انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں پی این ایس سی، اے این ایف، کے پی ٹی، پی ایم ایس اے، پاکستان کوسٹ گارڈ اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ ماہی گیر برادری کے نمائندوں اور میڈیا کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جے ایم آئی سی سی کمانڈر طاہر نے شرکاء کوجے ایم آئی سی سی اور مشق سی گارڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریب کے شرکاء کو سمندری دفاع کے حوالے سے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوارڈینیشن سینٹر کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے میری ٹائم شعبے کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی خدمات کو سراہا۔
مشق سی گارڈ کے انعقاد سے موجودہ میری ٹائم سیکیورٹی کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ مشق کا مقصد میری ٹائم سیکیورٹی کو درپیش روایتی اور غیر روایتی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ اور دیگر حکومتی اداروں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔