توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد
کیپشن: Imran Khan and Bushra Bibi charged in Tosha Khana case

ایک نیوز: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں آج فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفرعباسی بھی ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔دوران سماعت بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔

خیال رہے کہ پیر کو سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی جو کہ منظور کرلی گئی تھی۔

عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ منگل کو اپنی مؤکلہ کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اس مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری دے رکھی ہے اس کے علاوہ اس مقدمے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت بھی آج ہی ہوگی۔