ایک نیوز: 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں فرح گوگی کی جائیدادوں کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں تفصیلات جمع کروادی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فرح گوگی پاکستان میں متعدد پلاٹس، گھر اور گاڑیوں کی مالکن ہیں۔ پاکستان میں فرح گوگی کے نام 9 پلاٹس ہیں۔ فرح گوگی کے نام لاہور میں 5 اور اسلام آباد میں 4 پراپرٹیز ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرح گوگی کے نام ڈی ایچ اے لاہور میں چار اور دس مرلے کے پلاٹس ہیں۔ فرح گوگی کے نام بحریہ ٹاؤن لاہور میں ڈھائی اور چار مرلے کے پلاٹس ہیں۔ فرح گوگی کے نام اسلام آباد میں ایک چالیس اور دو سو کنال کی زمین ٹرانسفر کی گئی ہے۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرح گوگی کے نام کروڑوں روپے مالیت کی مختلف گاڑیاں بھی ہیں۔ فرح گوگی کے نام پاکستان میں 22 گاڑیاں ہیں جن میں پورشے، ٹویوٹا ویگو، سوزوکی، ہونڈا شامل ہیں۔ اس کےعلاوہ فرح گوگی کے کراچی اور لاہور کے مختلف بینکوں میں 29 بینک اکاؤنٹس رجسٹرڈ ہیں۔ پاکستانی کرنسی کے ساتھ برطانوی پاؤنڈ اور امریکی ڈالرز کے لیے بھی بینک اکاؤنٹس مختص ہیں۔
احتساب عدالت نے فرح گوگی و دیگر ملزمان کی تمام پراپرٹیز منجمد کرنے کا حکم دیاہے۔