ایک نیوز: مودی کا آئندہ الیکشن جیتنے کےلیے پاکستان کے خلاف ایک اور گھناؤنا منصوبہ سامنے آگیا ہے۔ جس کے تحت 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر بی جے پی بم دھماکہ کرکے الزام پاکستان اور مسلمانوں پر لگائے گی۔ جس سے مذہبی تناؤ شدت اختیار کرے گا اور مودی اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن جیتنے کےلیے مودی حکومت کے ایک اور گھناؤنے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے۔ انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے مودی نے رام مندر کو بھی داؤ پر لگا دیا۔
جنتا دل پارٹی کے رہنما اجے یادیو نے مودی سرکار پر رام مندر کو بم سے اڑانے کا الزام لگادیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 22 جنوری 2024 کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر بم دھماکا کرے گی۔ بی جے پی کے ممکنہ بم دھماکے سے مذہبی تناؤ شدت اختیار کر جائے گا۔ مودی سرکار ایودھیہ رام مندر پر حملہ کرکے الزام پاکستان اور مسلمانوں پر لگانا چاہتی ہے۔ ہمارے ٹیکس کے پیسے سے تعمیر کئے گئے رام مندر کا کریڈٹ بی جے پی لے رہی ہے۔
جنتا دل پارٹی کے ایم پی کوشلندر کمار نے بھی مودی سرکار کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رام سب کا صرف بی جے پی کا نہیں۔ 22 جنوری 2024 کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر مودی کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
بھارتی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نامعلوم شخص کی کال موصول ہوئی جس میں 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر دھماکا کرنے کی دھمکی دی گئی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق تیہار سنگھ اور اوم پرکاش مشرا نامی دو افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے یوگی آدتیہ اور رام مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔