بنگلادیش پریمیئر لیگ: ایک ہی میچ میں دو پاکستانیوں نے سنچری بناڈالی

Jan 09, 2023 | 22:52 PM

 ایک نیوز:بنگلادیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی بیٹرز نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر خوب دکھا رہے ہیں جہاں آج ہونے والے ایک ہی میچ میں دو پاکستانی بیٹرز نے سنچری اسکور کردی۔ 

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا چھٹا میچ کھلنا ٹائیگرز اور چٹوگرام چیلنجرز کے درمیان ہوا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کھلنا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کھلنا کی اس اننگز میں اعظم خان کی جانب سے کھیلی گئی دھواں دار باری تھی، جہاں انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں پہلی سنچری داغ دی۔ اعظم نے 58 گیندوں کا سہارا لیتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل ہیں۔ 

چیلنجرز کی جانب سے ابو جید نے دو کھلاڑیو ں کو آؤٹ کیا جبکہ شواگاتا ہوم، وجایاکینتھ ویاس کینتھ اور ضیاالرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں کھلنا کے نہلے پر چٹوگرام نے دہلا رکھ دیا۔ جہاں سے ایک اور پاکستانی عثمان خان نے سنچری داغ دی۔ چٹوگرام نے 179 رنز کا ہدف آخری اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستانی بیٹر عثمان خان 103 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عثمان نے اپنی اننگز میں 58 گیندوں کا سہارا لیتے ہوئے 10 چوکے اور پانچ چکھے لگائے۔ 

چٹوگرام چلینجرز کی جانب سے نیدرلینڈز کے میکس او ڈوڈ نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ کھلنا ٹائیگرز کی طرف سے ناہیدالاسلام وکٹ لینے والے واحد بولر تھے۔

مزیدخبریں