ایک نیوز :چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ۔
سابق وزیراعظم عمران خان،برٹش ہائی کمشنر ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مختلف امور پر بھی مفصل بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی ، مرکزی سینئر نائب صدر فواد حسین چوہدری اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب سمیت دیگر موجود تھے ۔
عمران خان،کرسچن ٹرنر ملاقات میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے ترقی پذیر ممالک سے سرمائے کی ترقی یافتہ ملکوں کی جانب ترسیل کے تدارک کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔ماحولیاتی تغیرات کے دنیا خصوصاً پاکستان پر مرتب ہونے والے نہایت مہلک اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا تھا کہ ماحولیات کاتحفظ اور ترقی پذیر ممالک کو اس کے تباہ کن اثرات سے محفوظ بنانے کا اہتمام ترقی یافتہ دنیا کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ادوار میں بلین ٹری سونامی اور ٹین بلین ٹری جیسے پروگرامات کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کیلئے قابلِ ذکر اقدامات اٹھائے۔ترقی پذیر ممالک سے سرمائے کی ترقی یافتہ ملکوں کی جانب غیر قانونی ترسیل کا تدارک نہایت اہمیت کا حامل ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے فیکٹائی پینل کی رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک سے سالانہ 7 کھرب ڈالرز ترقی یافتہ ملکوں میں منتقل ہوتے ہیں ۔ترقی پذیر ممالک کو غربت اور محرومی جیسے چیلنجز سے نجات دلانے کیلئے ضروری ہے کہ ان ممالک سے سرمائے کی غیر قانونی منتقلی کا عمل روکنےکیلئے ترقی یافتہ ممالک اپنا کردار ادا کریں۔