ایک نیوز: پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کیریئر کے ابتدائی 4 ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔
قومی فاسٹ بولر نے یہ اعزاز کراچی میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹیں لے کر حاصل کیا۔نسیم شاہ نے ابتدائی 4 ون ڈے میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آسٹریلیا کے ریان ہیرس اور گیری گلمور نے 4 ون ڈے میں 14، 14 وکٹیں لی تھیں۔
یاد رہے اس سے قبل پاکستان کے عثمان شنواری نے ابتدائی چار ون ڈے میں 12 شکار کیے تھے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر بن چکے ہیں۔انہوں نے یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جا رہے کراچی ٹیسٹ میں حاصل کیا ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 86 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 50 میچز میں 2743 رنز بنا لیے ہیں جس میں 3 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز کامران اکمل کے پاس تھا، انہوں نے 53 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2648 رنز بنائے تھے۔