وزیرآبادحملہ کیس،عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانیکی درخواست سماعت کیلئے منظور

وزیرآبادحملہ کیس،عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانیکی درخواست سماعت کیلئے منظور
کیپشن: Wazirabad attack case, Imran Khan's request for polygraph test approved for hearing

ایک نیوز : انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان فائرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔

ملزم نوید بشیر کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔ایف آئی آر کے تمام زخمیوں کے پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری ہو گیا۔

 میاں داؤد ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرایا جا سکتا ہے تو تمام زخمیوں گواہوں کا کیوں نہیں؟ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان، سینیٹر اعجاز چودھری اور دیگر زخمیوں کے موبائل فونز اہم شہادت ہو سکتی ہیں۔ عمران خان سمیت دیگر زخمیوں کے موبائل فونز فوری قبضے میں لئے جائیں۔

ملزم کے وکیل کاکہنا تھا کہ سینیٹر اعجاز چودھری نے جس موبائل سے ٹویٹ کیا، وہ بھی قبضے میں لیا جائے۔ عمران خان، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت تمام زخمیوں کے موبائل فونز فرانزک کیلئے قبضے میں لینے کی درخواست پر بھی عدالت کی طرف سے نوٹس جاری کر دیا گیا۔

 ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں جے آئی ٹی اصل ثبوت اکٹھے ہی نہیں کر رہی۔ جے آئی ٹی اس مقدمے کی تفتیش میں ملزم نوید کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ وقوعہ کے زخمیوں کی میڈیکل رپورٹس ملزم کو مقدمے کی پیروی کیلئے درکار ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تمام زخمیوں کی میڈیکل رپورٹس ملزم کو فراہم کرنے کی درخواست پر عدالت نے نوٹس جاری کر دیا اور حکم دیا کہ تمام 6 درخواستوں میں 19 جنوری تک جواب جمع کرایا جائے۔