ایک نیوز: کراچی کے علاقے کورنگی نمبر دو سے لا پتہ ہونے والی 14 سالہ 2 دوستوں کو لاہور سے برآمد کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق دونوں کمسن بچیوں نائلہ اور کنزا کو لاہور میں ڈھونڈ لیا گیا ہےاور بچیوں کو لینے کے لیئے ٹیم بھی لاہور روانہ ہو گئی ہے۔ دونوں سہیلیاں گھر والوں سے ناراض ہوکر منصوبہ بندی کرکے گھر سے نکلیں تھیں۔گھر سے جانے کے لیئے بچیوں نے مختلف ٹرینوں کی معلومات بھی لی تھی۔
واضع رہے کہ 14 سالہ کنزا بنت محمد جنید اور اس کی سہیلی 14 سالہ نائلہ دختر محمد نوید کراچی سے لاپتہ ہوگئیں تھی ۔کنزا کے والد محمد جنید نے پولیس سے درخواست میں کہا ہے کہ نائلہ کورنگی نمبر دو میں گھر آئی تھی۔ دونوں گورنمنٹ ملت اسکول کورنگی ٹی ایریا میں ایک ساتھ پڑھتی ہیں اور دونوں کی دوستی بھی اسکول میں ہی ہوئی تھی۔
درخواست کے متن کے مطابق دونوں بچیاں بوقت تین بجے دن گھر میں کام کررہی تھیں اور میں گھر کی چھت پر تھا۔ ساڑھے تین بجے گھر کی چھت سے نیچے آیا تو دونوں بچیاں گھر میں موجود نہیں تھیں، گھروالوں سے دریافت کیا تو معلوم ہوا دونوں بچیاں گھر سے باہر گئی ہیں۔
محمد جنید کا کہنا تھاکہ دیر ہوجانے پر تشویش ہوئی اور اسی اثنا میں نائلہ کے والد نوید بھی بیٹی کو لینے آگئے۔دونوں نے مل کر بچیوں کو علاقے میں تلاش کیا اور معلومات حاصل کی لیکن بچیوں سے متعلق معلومات نا ملنے پر پولیس سے رابطہ کیا۔پولیس نے محمد جنید کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے، اغوا کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں اغوا کی دفعات 364 اے کے تحت درج کیا تھا۔