پشاور: 20 کلو آٹے کا تھیلا 3300 روپے میں فروخت

Jan 09, 2023 | 15:58 PM

ایک نیوز: پشاور کی عوام بھی سستے آٹے سے محروم ہوگئی۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3300 روپے تک جاپہنچی۔ جس میں آئندہ ہفتے مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پشاور میں آٹے کا حصول شہریوں کیلیے مشکل ہو گیا۔ اشرف روڈ سمیت دیگر علاقوں میں دکانوں کے باہر لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے۔ پنجاب سے سپلائی بند ہونے کی وجہ سے فلور ملوں کے پاس ذخیرہ ختم ہو گیا۔ 

بتایا گیا ہے کہ آٹے کی شدید قلت اور قیمتوں میں اضافے کے بعد مارکیٹوں اور بازاروں سے آٹا غائب کر دیا گیا۔ 20 کلو کا تھیلا 3300 روپے تک جا پہنچا۔ اگلے ہفتے تک قیمت4000 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ رمضان المبارک تک مارکیٹوں سے آٹا بالکل غائب ہونے کا امکان بھی بڑھ گیا۔

دستیاب معلومات کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر میں فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت3300 روپے تک پہنچ گئی۔ جبکہ اسپیشل آٹا 3100 روپے کا ہوگیا۔ 

ہول سیل مارکیٹ کے مطابق فائن دانے دار آٹے کا بیس کلو کا تھیلا3250 اور پرچون میں 3300 روپے کا ہو گیا ہے۔ اسی طرح میدے کی 80 کلو کی بوری 13 ہزار اور80 کلو دانے دار آٹے کی بوری 13 ہزار سے 13 ہزار 500 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ جبکہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی مکمل طور پر بند ہے اور پشاور کی ہول سیل مارکیٹوں دلہ زاک روڈ، رام پورہ گیٹ اور اشرف روڈ پر آٹے کا اسٹاک ختم ہو گیا ہے۔ 

ساتھ ہی پرچون کی دکانوں پر بھی آٹا موجود نہیں۔ جبکہ سرکاری آٹے کا تھیلا بھی مہنگا ہو کر 1350 روپے کا ہوگیا ہے۔ شہریوں کے مطابق سرکاری آٹا کھانے کے قابل نہیں۔

مزیدخبریں