سیلاب سے 3 کروڑ لوگ متاثر ہوئے، 16 ارب ڈالرز درکار ہیں: وزیراعظم

Jan 09, 2023 | 15:33 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز:   وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی ڈونرز کانفرنس میں خطاب کے دوران  اپیل کی ہے کہ پاکستان  میں حالیہ سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے، ہمیں متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے 16.3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جاری موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کیلئے منعقدہ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون ، ترک صدر طیب اردوان اور دیگر سربراہان مملکت نے خطاب کیا۔

وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بین الاقوامی موسمیاتی کانفرنس برائے پاکستان میں سیلاب متاثرین اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا پلان پیش کردیا۔ 

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ برس ستمبر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ساتھ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کیا، پاکستان کے عوام انتونیو گوتریس کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخی نہج پر کھڑا ہے، سیلاب سے تعلیمی اداروں، مکانات، زراعت اور دیہات کو نقصان پہنچا، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے، سیلاب سےکاشتکاری کونقصان پہنچا جس سے خوراک کی قلت نے جنم لیا، پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے، سیلاب کے باعث انفراسٹرکچر کی تباہی کے ساتھ معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فریم ورک تیار کیا ہے، فریم ورک پر کام کرنے کیلئے 16.3 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، متاثرین کی مدد کرنے پر یورپی یونین سمیت تمام دوست ممالک کا شکر گزار ہوں، ہمیں سیلاب متاثرین کو دوبارہ بحال کر کے اچھا مستقبل دینا ہے، پاکستان مشکل میں مدد کرنے والے ممالک کو کبھی نہیں بھولے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے زراعت ، لائیو سٹاک اور انفراسٹرکچر کو نقصان ہوا، متاثرہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کیلئے سکولزموجود نہیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، ملکی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کیلئے مزید 16.3 بلین ڈالر کی ضرور ت ہے، ہم نے موجودہ وسائل سے کافی حد تک تک متاثرین کو ریلیف دیا، بحالی کیلئے لگائے گئے تخمینہ میں سے 50 فیصد پاکستان اپنے وسائل سے خرچ کرے گا، مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کرنیوالے ممالک کے شکرگزار ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی تک کوشششیں جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں