ایک نیوز: اسلام آباد کے علاقہ جی نائن ون میں مبینہ ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ 3 ڈاکو سیکٹر جی ٹین میں واردات کے بعد فرار ہورہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اسلام آباد میں آئی جے پی روڈ پر رات گئے ایک اور پولیس مقابلہ بھی دیکھنے میں آیا جس میں پولیس نے واقع کا مقدمہ انگین نوعیت کی دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔ راہزنی کی واردات کے دوران ڈاکووں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا ہے۔ زخمی ڈاکو کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی ہے۔ سبزی منڈی پولیس نے ڈاکووں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار ڈاکو نے دوران تفتیش اپنے ساتھی علی کے متعلق بھی آگاہ کر دیا ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجہ کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔