موسم سرما کی تعطیلات ختم، تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیاں بحال

Jan 09, 2023 | 08:25 AM

ایک نیوز: طلباء کی موجیں ختم شد، موسم سرما کی تعطیلات قصہ پارینہ ہوگیا۔ آج سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہوچکی ہیں اور آج سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے تعلیمی سرگرمیوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ 

تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد بچے سردی اور دھند میں ٹھٹھرتے ہوئے گرم ملبوسات زیب تن کیے تعلیمی اداروں میں پہنچ رہے ہیں تاہم آج طلباء کی سکولوں اور کالجز میں حاضری کم دیکھی گئی ہے۔ 

یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں میں 24 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا تاہم سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے تعطیلات کو ایک ہفتہ مزید بڑھا دیا گیا تھا۔ 

رواں ہفتے کے آغاز سے قبل ایک مرتبہ پھر افواہیں تھیں کہ سردی کی شدت کی وجہ سے موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتہ مزید اضافہ کردیا جائے گا لیکن وزیرتعلیم مراد راس نے اپنے ایک پیغام میں تعطیلات میں اضافے کو فیک نیوز قرار دیدیا تھا۔ 

مزیدخبریں