آٹا مہنگا :نان بائیوں نے دکانیں بند کرنیکا اعلان کردیا  

آٹا مہنگا :نان بائیوں نے دکانیں بند کرنیکا اعلان کردیا  
کیپشن: آٹا مہنگا :نان بائیوں نے دکانیں بند کرنیکا اعلان کردیا  

ایک نیوز :نان بائیوں نے پنجاب اور کے پی کے میں دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا ۔
متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں غیر معینہ مدت کے لیے کام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق نا ن بائیوں نے یہ فیصلہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے کیا ۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی میں کاروبار بند کرنے کی تاریخ کا اعلان مشترکہ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کا بحران شدید ہوچکا ہے ،چکی مالکان نے آٹے  کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا جس کے بعد نرخ 165 روپے فی کلو ہوگئے۔ حکومت اور ضلعی انتظامیہ آٹےکی قیمتیں برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق 80 کلو والی فائن میدے کی بوری بھی ایک ماہ میں بار بار مہنگی ہوکر 4 ہزار کے مجموعی اضافے کے بعد 12 ہزار 600 کی ہوگئی، 15 کلو والا آٹے کا تھیلا 200 روپے اضافے کے بعد 2150 میں فروخت ہورہا ہے۔
سستا سرکاری آٹا مارکیٹ سے غائب ہے جس کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار اور مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
 دوسری جانب متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے 16 جنوری سے نان 40 اور سادہ روٹی 35 روپے کرنے کا اعلان کردیا۔