نوازشریف کی آزاد امیدواروں،سیاسی جماعتوں کو ملکرحکومت بنانے کی دعوت

Feb 09, 2024 | 19:48 PM

ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے آزاد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنے کی دعوت دیدی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔انتخابات میں مسلم لیگ ن سب سے اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کو بھنور سے نکالاجائے۔اس سے پہلے بھی پاکستان کو مشکلات سے نکالا ہے۔ہم آج بھی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہو ں گے۔ہم سب آزاد امیدواروں کا بھی احترام کرتے ہیں۔آزاد منتخب ارکان کودعوت ہے کہ ترقی کیلئے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
نوازشریف کاکہنا تھا کہ کارکنوں کا جوش وخروش بتارہاہے کہ میں کیا کہنا چاہتا ہوں۔آپ کی آنکھوں میں کامیابی کی چمک دیکھ رہا ہوں۔آپ کی آنکھوں کی چمک کہہ رہی ہے کہ پاکستان کو سنواردو۔آپ کی زندگی میں خوشحالی آنی چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کاکہنا تھا کہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے اس ملک کی خدمت کی ہے۔ پاکستان کو کس طرح معاشی مشکلات سے نکالاآپ جانتے ہیں۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔سب کو دعوت ہے کہ آئو مل کر ملک کو بھنورسے نکالیں۔ پاکستان اورعوام کی اپنے ہر دور میں خدمت کی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ کل نتائج مکمل نہیں تھے اس لئے کارکنوں سے آج خطاب کررہا ہوں۔ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے سب ہمارے ساتھ شامل ہوں۔سب کو مل کر اس بحران کو حل کرناچاہیے یہ صرف ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔ پاکستان سب کا ہے صرف اکیلے مسلم لیگ ن کا نہیں ہے۔آپ کی زندگی اور آپ کے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے ۔ہم سب کو قوم کی امنگوں پرپورا اترنا چاہیے۔
نوازشریف کاکہنا تھا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے 10سال ضروری ہیں۔تمام سیاسی پارٹیوں کو مل کر مسائل کو حل کرنا ہوگا۔جولڑنے کے موڈ میں ہیں ہم ان سے لڑنا نہیں چاہتے۔2018میں مجھے ہٹایا نہ جاتا تو ملک آج اقتصادی طورپربہت مضبوط ہوتا۔میرا مقصد آپ کو اپنی خدمات گنوانانہیں۔مسلم لیگ ن کا کسی سے بھی موازنانہیں کیا جا سکتااگردوتہائی اکثریت بھی ملتی تو بھی سب کو ساتھ لیکر چلتا۔
مسلم لیگ ن کے قائد کاکہنا تھا کہ ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ مل کر اتحاد بناناچاہتے ہیں۔مل کر حکومت بنائیں اور مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں۔
نوازشریف نے تمام سیاسی پارٹیوں کو مل بیٹھ کر حکومت بنانے کی پیشکش کردی۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو ٹاسک دیا ہے کہ آج ہی آصف زرداری،فضل الرحمان اور ایم کیو ایم سے ملاقات کریں۔شہبازشریف کی ذمہ داری ہے کہ سب سے مذاکرات کریں۔ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو بجلی اور گیس کا بل دینے میں مشکل نہ ہو۔

مزیدخبریں