ایک نیوز: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 8 فروری کو ڈبلیو ٹی سی فائنل کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچ 7 سے 11 جون کے درمیان کھیلا جائے گا اور 12 جون کو ریزرو ڈے کی شکل میں رکھا گیا ہے۔ 23-2021 ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ لندن کے ’دی اوول‘ میں کھیلا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے سیزن کا فائنل میچ ساؤتھمپٹن میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔
اس بار ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں بھارت اور آسٹریلیا سب سے آگے ہیں۔ آسٹریلیا ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں 75.56 فیصد جیت کے ساتھ پہلےمقام پر ہےجبکہ بھارتی ٹیم 58.93 فیصد جیت کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ اس بار ڈبلیو ٹی سی کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن اس کا دارومدار بارڈرگواسکر ٹرافی میں کھیلے جانے والے میچ کے نتائج پر ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان آج سے بارڈرگواسکر ٹرافی کھیلی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیمیں 4 ٹیسٹ میچ کھیلیں گی اور بھارت کی کوشش رہے گی کہ وہ آسٹریلیا کو سیریز میں کم از کم 1-3 سے شکست دےتاکہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے میں کوئی مشکلات پیدا نہ ہو۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو بھارت کو سری لنکائی ٹیم سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو اس وقت 53.33 فیصد جیت کے ساتھ ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں تیسرے مقام پر ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچ کی سیریز کھیلنے والی ہے۔