ایک نیوز: وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرول پمپ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی صورت میں انہیں جیل کی ہوا کھانا پڑسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے نیوز کانفرنس کی ہے۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ ملک میں 20 دن کا پیٹرول اور 29 دن کا ڈیزل موجود ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مقدمات ہوں گے۔ انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ تمام پیٹرول پمپس کو چیک کیا جائیگا۔ ایک ڈسٹرکٹ میں پیٹرول ذخیرہ کرنے پر ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ ذخیرہ اندوزی پر ایک پیٹرول پمپ سیل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کل سرگودھا، فیصل آباد کے 900 پیٹرول پمپس کو چیک کیا گیا۔ وہاڑی میں ذخیرہ اندوزی پر 8 غیرقانونی گوداموں کو سیل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 21 ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں۔ شورکوٹ میں بھی غیرقانونی گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔ شکایات تھیں کہ شیخوپورہ کے علاقوں میں غیرقانونی ذخیرہ اندوزی ہورہی ہے۔
بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ذخیرہ اندوزی سے مشکلات پیدا کی گئیں تو چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسلامی نقطہ نظر سے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ریفرنس موجود ہیں۔ کئی جگہوں سے شکایت آرہی ہے کہ پیٹرول کمپنیاں پیٹرول نہیں دے رہیں۔